وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین جج صاحبان کے تبادلوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اہم عدالتی شخصیات کو دیگر ہائیکورٹس میں منتقل کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کا تبادلہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ جسٹس بابر ستار کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے پشاور ہائیکورٹ منتقل کیا گیا ہے۔ اسی طرح جسٹس ثمن رفعت امتیاز کا تبادلہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے سندھ ہائیکورٹ کیا گیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف کے مطابق یہ تبادلے آئین کے آرٹیکل 200 کی ذیلی شق 1 کے تحت کیے گئے ہیں، جس کے لیے جوڈیشل کمیشن نے باقاعدہ منظوری دی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ججز کے تبادلوں کا فیصلہ کثرت رائے سے کیا گیا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ صدر مملکت کی منظوری کے بعد یہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جبکہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر قائم مقام صدر نے پیرا 7 کے تحت ان تبادلوں کی توثیق کی۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ججز کے تبادلوں کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آج باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو عدالتی نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور اس کے اثرات مختلف ہائیکورٹس کے امور پر پڑ سکتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ججز کا تبادلہ، نوٹیفکیشن جاری
