خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کے خطرات کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث بالائی اضلاع میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (Glacial Lake Outburst Flood) کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس سے مقامی آبادی، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ تمام حساس اضلاع کی ضلعی انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہے، جبکہ ریسکیو اور متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالائی علاقوں کا سفر شروع کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
حکام نے نشیبی علاقوں اور دریا، ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی تلقین کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر فوری ردعمل کے لیے تیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان، گلیشیئر پھٹنے کے خطرے پر الرٹ جاری
