وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسپین امیگریشن کے لیے مبینہ طور پر جعلی پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس (PCC) تیار کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک منظم گروہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے اور اسپین میں مقیم پاکستانی شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کر کے جعلی دستاویزات فراہم کر رہا ہے۔
دعوے کے مطابق یہ مبینہ جعلی پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس نیشنل پولیس بیورو (NPB) کے نام پر تیار کیے جاتے ہیں۔ مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان دستاویزات پر بعد ازاں وزارت خارجہ سے اپوسٹیل (Apostille) بھی کروایا جاتا ہے، جس کے بعد انہیں اسپین میں امیگریشن کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لالہ موسیٰ کے رہائشی محمد سجاد نے اسپین امیگریشن کے لیے جاری کیے گئے ایک پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے نیشنل پولیس بیورو کے ایک سینئر افسر سے رابطہ کیا۔ مبینہ طور پر افسر نے بتایا کہ متعلقہ سرٹیفکیٹ جعلی ہے کیونکہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے اب تک جاری ہونے والے اصل سرٹیفکیٹس کا آخری سیریل نمبر 161855 ہے، جبکہ پیش کیے گئے سرٹیفکیٹ کا سیریل نمبر 162938 درج تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس مبینہ جعلسازی سے متعلق اعلیٰ حکومتی حکام کو تاحال آگاہی نہیں، جبکہ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ان الزامات کی شفاف تحقیقات نہ کی گئیں تو اس سے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے اور امیگریشن نظام پر بھی سوالات اٹھ سکتے ہیں۔
اسپین امیگریشن کے لیے جعلی پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس بنانے کا انکشاف
