Baaghi TV

لارڈز ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 110 رنز پر آؤٹ، 180 رنز کا خسارہ

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز بری طرح لڑکھڑا گئی، قومی ٹیم صرف 37.2 اوورز میں 110 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی اہم برتری حاصل ہوگئی۔

انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 66.4 اوورز میں 290 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے اذان اویس نے مزاحمت کرتے ہوئے سب سے زیادہ 46 رنز اسکور کیے، جبکہ سعود شکیل 16، بابر اعظم 8 اور محمد رضوان 7 رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم کے 8 بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ شان مسعود ایک، عبداللہ شفیق 5، علی عثمان ایک، خرم شہزاد ایک اور محمد عباس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد علی 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ امام الحق انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اتر سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر نے 3 جبکہ جوش ٹنگ نے 2 پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ کی اننگز میں جیمی اسمتھ نے 61، جارڈن کاکس نے 55 اور گس اٹکنسن نے 45 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4، محمد علی نے 3 جبکہ خرم شہزاد اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 409 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان پہلی اننگز میں 171 اور دوسری اننگز میں 135 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگیا تھا۔

More posts