Baaghi TV

ابرار الحق نے پمز سانحے کے پیشِ نظر مڈلزبرو کنسرٹ ملتوی کردیا

پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی نرسری میں پیش آنے والے المناک سانحے کے باعث برطانیہ کے شہر مڈلزبرو میں ہونے والا اپنا کنسرٹ ملتوی کردیا۔

ابرار الحق نے نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنسرٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ سانحے کے متاثرہ خاندانوں کے احترام اور ان کے دکھ میں شریک ہونے کے لیے کیا گیا ہے۔

منتظمین کے مطابق مڈلزبرو میں ابرار الحق کا کنسرٹ اب ستمبر میں منعقد کیا جائے گا۔ پہلے سے خریدے گئے ٹکٹس نئی تاریخ پر بھی قابلِ استعمال ہوں گے۔

واضح رہے کہ 26 اگست کو پمز کی نرسری میں علی الصبح آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق جبکہ متعدد دیگر شدید متاثر ہوئے تھے۔ افسوسناک واقعے کے بعد ملک بھر میں غم اور سوگ کی فضا پیدا ہوگئی جبکہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

پمز سانحے پر پاکستانی شوبز سے وابستہ متعدد فنکاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا، جن میں سعدیہ امام، جویریہ سعود، سویرہ پاشا اور مہر بخاری سمیت دیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب بعض فنکاروں نے سانحے کے متاثرین کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے طرزِ عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ بشریٰ انصاری، سیمی راحیل، سحر ہاشمی اور عمران عباس سمیت دیگر فنکاروں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مبینہ برتاؤ پر تنقید کی۔

More posts