مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ کشمیر کے انتخابات انتہائی اہم ہیں،اپنی تجوریاں بھرنے والوں اور مفادات کی سیاست کرنے والوں کو کشمیر کی غیور عوام مسترد کرے گی،27 جولائی کو مرکزی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کے انتخابی نشان کرسی پر مہر لگائیں اور خدمت کی سیاست کو آگے بڑھانے میں کردارادا کریں، مرکزی مسلم لیگ کبھی کسی کو مایوس نہیں کرے گی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد پریس کلب میں مرکزی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے امیدوار برائے ایل اے 45، وادی 6 خلیل الرحمن بیگ کے انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انتخابی کنونشن سے مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی صدر خیبرپختونخوا رانا محمد اشفاق، امیدوار خلیل الرحمن بیگ، جنرل سیکرٹری ایبٹ آباد حافظ امجد اسلام امجد سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا، کنونشن میں عوام بڑی تعداد میں شریک ہوئے، حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ایک نہایت حساس مرحلے سے گزر رہا ہے، مگر بدقسمتی سے ملک کا سیاسی افق تقسیم، نفرت اور محاذ آرائی کی تصویر پیش کر رہا ہے، ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی تھی کہ قومی یکجہتی، محبت اور اتحاد کی بات کی جاتی، مگر افسوس کہ سیاسی قیادت کا ایک بڑا حصہ قوم کو جوڑنے کے بجائے تقسیم کرنے میں مصروف ہے، مرکزی مسلم لیگ جوڑنے والی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہماری سیاسی جدوجہد کا بنیادی اصول یہ ہے کہ ہر فرد اور ہر جماعت اپنے حصے کی غلطیوں سے آگے بڑھ کر پاکستان کے مفاد میں مشترکہ اور مثبت جدوجہد کرے، ملک کو نفرت، انتقام اور انتشار کی نہیں بلکہ اتحاد، خدمت اور قومی یکجہتی کی سیاست کی ضرورت ہے،
