Baaghi TV


وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی ملاقات

‎اسلام آباد میں پاکستان کے سرکاری دورے پر موجود کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں، جنہیں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، زرعی خوراک، ویکسین سازی، قابل تجدید توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
‎وزیراعظم نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں ان سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے اپریل میں ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔
‎کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ وزیراعظم کارنی کی ہدایت پر پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ کینیڈا تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے، خصوصاً زراعت، معدنیات، توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ (FIPPA) کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
‎دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی مفاد کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
‎ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں کینیڈا سے کینولا کی درآمد کے لیے فائٹو سینیٹری ضوابط سے متعلق ایک پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار جبکہ کینیڈا کی جانب سے وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔

More posts