بھارتی ریاست مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی کی 31 سالہ بھتیجی کی پھندا لگی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ مغربی بنگال کے ضلع بربھوم میں پیش آیا، جہاں خاتون کی لاش یکم ستمبر کی دوپہر گھر کی دوسری منزل پر واقع ایک کمرے سے ملی۔پولیس کے مطابق خاتون ممتا بینرجی کے کزن بھائی کی بیٹی تھیں، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون گزشتہ چند برس سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔ خاندان کے مطابق سرکاری اسکولوں میں بھرتیوں سے متعلق مبینہ کرپشن کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد خاتون کی ملازمت بھی ختم ہوگئی تھی۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں ہی تعین کیا جائے گا کہ موت خودکشی تھی یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ کارفرما ہے۔
