Baaghi TV

پنجاب جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ میں دنیا کیلئے مثال بن رہا ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کے لیے دنیا کے لیے ایک مثال بن رہا ہے، صوبے میں وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب میں وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کے نتیجے میں 50 ہزار پرندوں اور 1020 جنگلی جانوروں کو ریسکیو کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کے لیے 14 ہزار 700 چالان اور 1050 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں 104 وائلڈ لائف پروٹیکٹڈ ایریاز اور 3 ری ہیبلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی اور نقصان دہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے وائلڈ لائف رینجرز بھی قائم کی گئی ہے۔ رینجرز کے 544 اہلکاروں کی تربیت مکمل ہوچکی ہے اور وائلڈ لائف کرائم کے خلاف پٹرولنگ اور آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

مریم نواز کے مطابق پنجند ڈولفن کی محفوظ پناہ گاہ کے لیے تھرمل ڈرونز کے ذریعے اے آئی بیسڈ سروے شروع کیا گیا ہے۔ جام پور میں بیٹ لنڈی پتافی سے گدو بیراج تک کے علاقے کو پنجند انڈس ڈولفن کے لیے محفوظ پناہ گاہ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی 950 شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے، جبکہ 13 جدید ریسکیو گاڑیاں فیلڈ فارمیشن کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

جنگلی جانوروں کے بہتر علاج اور دیکھ بھال کے لیے وٹرنری اسپتال کمپلیکس، اسپتال آن ویلز اور موبائل وٹرنری کلینک کے منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ 108 وائلڈ لائف پروٹیکٹڈ ایریاز کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ کلرکہار، ملتان، ساہیوال اور راولپنڈی کے علاقائی مراکز کو جی آئی ایس میپ سے منسلک کیا گیا ہے۔

پنجاب میں ٹیکنالوجی سے لیس وائلڈ لائف جانور شماری بھی مکمل کی جاچکی ہے۔ مریم نواز کے مطابق جنگلی حیات کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرانے قوانین میں بھی ضروری اور مؤثر ترامیم کی گئی ہیں۔

More posts