اسرائیلی بمباری کے بعد جنوبی لبنان میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع ہوگئی ہے، جہاں خوفزدہ شہری محفوظ علاقوں کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ مسلسل فضائی حملوں کے باعث کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق العباسیہ میں شدید بمباری کے بعد شہریوں نے گھروں کو چھوڑنا شروع کر دیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی کے باعث مرکزی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ امدادی ادارے بھی دباؤ کا شکار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 31 ہو گئی ہے جبکہ کم از کم 149 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ ہے۔
لبنانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر انصاف نے اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے والوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ داخلی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ حزب اللہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی امریکی و اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی شہر حیفا پر درجنوں میزائل داغے تھے۔ تنظیم کے مطابق یہ حملہ ایرانی قیادت پر حملے کے ردعمل میں کیا گیا اور اسرائیل سے لبنانی مقبوضہ علاقوں سے انخلا کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی شہر سنندج پر ہونے والی شدید بمباری کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں تباہی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
اسرائیلی بمباری کے بعد جنوبی لبنان سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی
