Baaghi TV

یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

کراچی: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ملک بھر میں پاکستان کا 79واں جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ مزار قائد پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب میں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

More posts