Baaghi TV

میر رضا کی موت کا معمہ، قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کی موت کا معمہ حل کرنے کے لیے قبر کشائی کے بعد لاش کے پوسٹ مارٹم سے متعلق تمام کارروائی مکمل کرلی گئی۔

میر رضا کی قبر کشائی کے موقع پر میڈیکل بورڈ کے ارکان، اہلخانہ اور ان کے وکیل جبران ناصر سوسائٹی قبرستان میں موجود تھے۔ پولیس سرجن، سربراہ شناخت پروجیکٹ اور مجسٹریٹ بھی موقع پر موجود رہے، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔میڈیکل بورڈ کے رکن کے مطابق میر رضا کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے اور لاش سے مختلف نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔ حاصل کیے گئے نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے بھیجے جائیں گے، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

میر رضا کے والد میر حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبر کشائی کی کارروائی سے مطمئن ہیں اور دعا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے دوران پہلے جو کچھ ہوا، وہ دوبارہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے سے منسوب ایک آڈیو بھی گردش کر رہی ہے، تاہم وہ میر رضا کی آواز نہیں۔ ان کے بقول کیس کو خراب کرنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ میر رضا کے اہلخانہ نے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد حکومت نے دوبارہ سابقہ میڈیکل بورڈ بحال کردیا تھا۔

More posts