Baaghi TV

لندن میں صدر آصف علی زرداری سے محسن نقوی کی ملاقات

لندن: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں اہم قومی امور، موجودہ سیاسی معاملات اور دیگر اہم پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو ایک اہم پیغام بھی پہنچایا، میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث بھی زیر غور آئی۔ صدر آصف علی زرداری نے مختلف قومی معاملات بالخصوص نئے صوبوں کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا۔صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اتفاقِ رائے کے بغیر کسی بھی اہم مسئلے کا پائیدار حل ممکن نہیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کو درپیش مختلف چیلنجز اور سیاسی معاملات پر بھی مشاورت کی گئی، جبکہ باہمی رابطے اور قومی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری ان دنوں لندن میں موجود ہیں، جہاں ان کا قیام تقریباً دو ہفتوں پر محیط ہوگا۔

More posts