ملتان میں گٹر لائن کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے واسا کے 2 ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں ملازمین رات گئے گٹر لائن کی صفائی میں مصروف تھے کہ اس دوران دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔پولیس کے مطابق دونوں افراد حفاظتی آلات کے بغیر گٹر لائن کی صفائی کر رہے تھے۔دوسری جانب واسا حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مستقل ملازم جبکہ دوسرا کنٹریکٹ ورکر تھا۔ واسا حکام کے مطابق دونوں افراد کو ادارے کی جانب سے گٹر لائن کی صفائی کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی تھی اور وہ ذاتی حیثیت میں ایک نجی کنٹریکٹر کی معاونت کے لیے سیوریج لائن میں گئے تھے۔واسا حکام نے مزید کہا کہ ادارے میں سیوریج کے کام کے دوران سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جاتا ہے، جبکہ سیوریج لائن میں کام شروع کرنے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
