مری: مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیور کو موٹر وے پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق مفرور ڈرائیور کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر اسلام آباد کے پمز اسپتال سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مری پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر وے پولیس کی مدعیت میں تھانہ مری میں ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ مری ایکسپریس وے پر کجوٹ کے مقام پر پی ٹی ڈی سی ٹورسٹ اسپاٹ کے قریب ایک وین بے قابو ہو کر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور وین میں آگ بھڑک اٹھی۔اس افسوسناک حادثے میں ملتان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس پر ملک بھر میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈرائیور سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
