Baaghi TV

امریکا میں مسلمان پر مذہبی نفرت پر مبنی چاقو حملہ، ملزم گرفتار

‎امریکا کی ریاست یوٹاہ میں مذہبی نفرت پر مبنی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک مسلمان شہری پر چاقو سے متعدد وار کیے گئے۔ پولیس نے حملہ آور کو موقع سے گرفتار کر لیا، جبکہ عدالت میں جمع کرائے گئے ریکارڈ کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے متاثرہ شخص کو مسلمان ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا۔
‎غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ ویسٹ ویلی سٹی کے ویلی فیئر مال میں پیش آیا، جہاں متاثرہ شخص ایک کیوسک پر کام کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اچانک اس کے قریب پہنچا اور چاقو کے پے در پے وار کر دیے، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
‎واقعے کے فوراً بعد مال میں موجود شہریوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کر لیا اور زمین پر گرا دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو حراست میں لے لیا، جبکہ زخمی شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
‎پولیس اور عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس کا مقصد مسلمان شہری کو قتل کرنا تھا۔ اس نے مزید کہا کہ وہ مسلمانوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ حکام نے عدالت کو بتایا کہ اگر ملزم کو ضمانت پر رہا کیا گیا تو وہ عوام کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتا ہے، اسی بنیاد پر اسے زیر حراست رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔
‎قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حملے کو نفرت انگیز جرم کے زاویے سے بھی دیکھ رہے ہیں اور مختلف شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی مکمل نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لیے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔
‎امریکی مسلم تنظیموں اور انسانی حقوق کے حلقوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی بنیادوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کے خلاف مزید دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔

More posts