Baaghi TV

زمینداروں کو مفت ٹریکٹر دینے کا جھانسہ، فراڈ کا نیا طریقہ بے نقاب

زرعی ترقیاتی بینک پنجاب سے ماضی میں قرضہ لینے والے زمینداروں کو مفت ٹریکٹر دینے کا جھانسہ دے کر فراڈ کا نیا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف موبائل فون نمبروں سے خواتین خود کو کمپنی آفیسرز ظاہر کرکے شہریوں کو کال کرتی ہیں اور سابقہ قرضوں کا حوالہ دیتے ہوئے مفت ٹریکٹر دینے کی پیشکش کرتی ہیں۔ملزمان فون پر شہریوں کو ہولڈ کروا کر مفت ٹریکٹر کی آن لائن بکنگ کا جعلی عمل دکھاتے ہیں۔ اسی دوران شہری کے موبائل فون پر ایک کوڈ موصول ہوتا ہے، جسے ٹریکٹر کی بکنگ کے لیے ضروری قرار دے کر حاصل کیا جاتا ہے۔شہریوں کے مطابق کوڈ حاصل کرنے کے بعد فراڈ گروہ دوسرے موبائل فون پر شہری کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کھول لیتا ہے اور اس کی ایڈریس بک میں موجود افراد کو پیغامات بھیج کر مختلف بہانوں سے رقوم بٹورتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ماضی میں اس نوعیت کی نوسربازی مردوں کے ذریعے کی جاتی تھی، تاہم اب فراڈ گروہوں نے خواتین کو بھی اس دھندے میں شامل کرلیا ہے، جو پرکشش آواز اور سرکاری یا کمپنی افسر بن کر شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتی ہیں۔متاثرہ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ ایسے گروہوں کا نیٹ ورک مبینہ طور پر سرکاری اداروں تک پھیلا ہوا ہے اور یہ عناصر بینکوں سے حاصل کیے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں نشانہ بناتے ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فراڈ میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کا حساس ڈیٹا غیرمتعلقہ افراد تک پہنچنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

More posts