Baaghi TV

نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

sports

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں 2-1 کی تکلیف دہ شکست کے بعد برازیل کے سپر اسٹار فارورڈ نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

34 سالہ نیمار نے میچ کے بعد جذباتی انداز میں مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی، میں نے ہر ممکن جدوجہد کی، لیکن اب یہ سفر ختم ہو گیا میں نے یہاں سے آغاز کیا تھا اور یہیں اپنے کیریئر کا اختتام کر رہا ہوں۔

نیمار کا اشارہ نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم کی جانب تھا، جہاں انہوں نے 2010 میں امریکا کے خلاف برازیل کی سینیئر ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا 16 برس بعد اسی میدان میں ناروے کے ہاتھوں ورلڈ کپ سے اخراج کے ساتھ ان کا قومی ٹیم کا سفر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔

برازیل ایک بار پھر چھٹے عالمی اعزاز کی امید کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں اترا تھا، تاہم ناروے نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا میچ میں برازیل کا واحد گول نیمار نے انجری ٹائم میں پنالٹی پر کیا، لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

2026 کا ورلڈ کپ طویل انجری مسائل کے بعد نیمار کے لیے عالمی اعزاز جیتنے کا آخری سنہری موقع سمجھا جا رہا تھا، تاہم یہ خواب بھی ادھورا رہ گیا انہوں نے برازیل کی جانب سے 129 بین الاقوامی میچوں میں 80 گول کیے اور اس طرح قومی ٹیم کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے، جبکہ انہوں نے اس فہرست میں لیجنڈری فٹبالر پیلے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں 4 فیفا ورلڈ کپ کھیلے، لیکن عالمی ٹائٹل نا حاصل کر سکے، 2014 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل سے قبل انجری کے باعث باہر ہو گئے، 2018 میں برازیل کو بیلجیئم نے کوارٹر فائنل میں شکست دی، 2022 میں کروشیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں اضافی وقت میں گول کرنے کے باوجود برازیل پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہار گیا، جبکہ 2026 میں ناروے نے آخری 16 کے مرحلے میں ہی اس کا سفر ختم کر دیا۔

More posts