اورکزئی ضلع کے حساس سرحدی علاقے واچاپالہ میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کے ایک گروہ کو ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ 3 سے 4 دہشتگرد شدید زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہو کر تخریبی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر مشتبہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔ مقامی آبادی کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ملک دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک علاقے میں مکمل امن قائم نہیں ہو جاتا۔
مقامی قبائلی عمائدین اور شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی قربانیاں علاقے میں امن کے قیام کی ضمانت ہیں۔ عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
