پاکستان نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان لبنان اور پورے خطے میں دیرپا امن یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں شہری جاں بحق اور تقریباً 5 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اسرائیل لبنان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی کوششوں کو کمزور کر رہا ہے اور اسرائیلی اقدامات خطے میں جاری سیکیورٹی اور انسانی بحران کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت، شہریوں کو نشانہ بنانے اور لبنان کی سالمیت کی خلاف ورزیوں کو فوری رکوائے اور پاکستان تمام مقبوضہ لبنانی سرزمین سے اسرائیل کے فوری، مکمل اور غیر مشروط انخلا کا مطالبہ کرتا ہے، جارحیت کے مقابلے میں لبنانی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے،پاکستان لبنان اور پورے خطے میں دیرپا امن یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
