Baaghi TV

پاکستانی بحری عملے کیلئے ناروے کے جہازوں پر ملازمت کے مواقع ،مفاہمتی یادداشت پر دستخظ

پاکستانی ملاحوں کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے حوالے سے پاکستان اور ناروے کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد اب پاکستانی عملہ ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر ملازمتیں حاصل کر سکے گا۔

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقدہ تقریب کے دوران ناروے میں پاکستانی سفارتخانے اور نارویجن میری ٹائم اتھارٹی کے حکام نے دستاویزات پر دستخط کیے اس معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستانی بحری عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تسلیم کرنا اور انہیں عالمی شپنگ مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس معاہدے کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا ان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم تعاون مضبوط ہوگا بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اب پاکستانی سی فیررز ناروے کی عالمی معیار کی شپنگ لائنز اور پرچم بردار جہازوں پر خدمات انجام دینے کے اہل ہوں گے یہ معاہدہ پاکستانی افرادی قوت کو جدید بحری ٹیکنالوجی اور طریقہ کار کا عملی تجربہ حاصل کرنے میں مدد دے گا پاکستانی تربیتی اداروں کی اسناد کو ناروے جیسے بڑے بحری ملک کی جانب سے تسلیم کیا جانا پاکستانی میری ٹائم سیکٹر کی ساکھ میں اضافہ کرے گا، حکومت پاکستان بحری تربیتی اداروں کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عا لمی بحری کنونشنز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے لیے پُرعزم ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ عالمی شپنگ انڈسٹری میں پاکستان کا حصہ بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

More posts