آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنی مہم کا عمدہ انداز میں آغاز کیا اور امریکا کو 0-3 سے شکست دے دی۔
پرتگال کے شہر لزبن میں منعقدہ مردوں کے 45 سال سے زائد عمر کی آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ،ایونٹ میں 30 ملکوں کے 300 سے زائد کھلاڑی ایکشن میں ہیں، سنگلز اور ڈبلز ایونٹ میں پاکستان کو تجربے کار اور مہارت کے حامل کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں،پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اعصام الحق قریشی نے پہلے میچ میں ووجٹیک بریٹیک کو 2-6، 3-6 سے شکست دی۔
دوسرے سنگل میں پاکستان کے ٹاپ رینک کھلاڑی عقیل خان اور جان چیسورتھ کے درمیان دل چسپ اور سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا،جہاں عقیل خان نے 2-6، 6-1، 4-6 سے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کی مجموعی فتح کو یقینی بنایا، اس کے علاوہ ڈبلز کا مقابلہ بھی انتہائی سنسنی خیز رہا۔
پاکستان کے شہریار سلامت اور ہادی حسین نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور جیون ویسٹ اور گیلرمو کوسن کو 6-1، 1-6 اور فیصلہ کن ٹائی بریک میں 6-10 سے شکست دے کر ٹیم کی 0-3 کی فتح پر مہر ثبت کر دی،امریکا کے مقابلے پر یک طرفہ فتح نے ٹیم پاکستان کو راؤنڈ رابن لیگ مقابلوں کے لیے ایک بہترین مومینٹم فراہم کیا ہے۔
پاکستان اب راؤنڈ رابن مرحلے کے اپنے دوسرے مقابلے میں کینیڈا کا سامنا کرے گا، اس میچ کی فاتح ٹیم آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلے گی۔
