جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب طاہر اندرابی نے اقوام متحدہ کے دفتر جنیوا کے ڈائریکٹر جنرل کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔
اس موقع پر طاہر اندرابی نے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور انسانی حقوق کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
پاکستانی مستقل مندوب نے انسانی حقوق کے تحفظ اور اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
طاہر اندرابی نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور مختلف عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
