اسلام آباد: عاصم افتخار کو پاکستان کا نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کردیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عاصم افتخار کی بطور سیکرٹری خارجہ تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
عاصم افتخار اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وہ جلد اپنے نئے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور وزارت خارجہ کے امور کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عاصم افتخار کی بطور سیکرٹری خارجہ تقرری موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے پیش نظر کی گئی ہے۔ آمنہ بلوچ کی مدت ملازمت رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں مکمل ہورہی ہے، جس کے بعد عاصم افتخار سیکرٹری خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
عاصم افتخار ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کے دوران مختلف اہم سفارتی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے رہے ہیں۔ ان کی نئی ذمہ داری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو خطے اور عالمی سطح پر متعدد اہم سفارتی معاملات کا سامنا ہے۔
