Baaghi TV

پاکستان کو للکارنا اب کسی کے لیے آسان نہیں رہا۔طاہر اشرفی

tahir ashraf

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ “معرکۂ حق” پوری قوم کی وحدت اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ ہے، جس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں متحد ہو کر کھڑی ہوتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے اور مسلم دنیا کو انتشار کے بجائے باہمی تعاون اور امن کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی قیادت کو دنیا میں امن کے قیام کے لیے منتخب کیا ہے اور پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور بھائی چارے کا داعی رہا ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور آج پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت بن چکا ہے، جسے للکارنا اب کسی کے لیے آسان نہیں رہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جہاد کا اعلان اور اجازت صرف ریاست کا اختیار ہے اور کسی فرد یا گروہ کو اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ “معرکۂ حق” میں انجام دیا جانے والا کارنامہ دنیا کبھی فراموش نہیں کر پائے گی۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے مزید کہا کہ اسلام امن، محبت اور انسانیت کا دین ہے۔ اسلام کا پیغام دینے والے ہمیشہ امن کے داعی رہے ہیں۔ انہوں نے قرآن کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، اس لیے اسلام ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور بے گناہ انسانوں کے قتل کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔

More posts