Baaghi TV


امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان ثالثی کر رہا ہے، مارکو روبیو

‎امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مسلسل رابطہ برقرار ہے۔
‎ویب ڈیسک کے مطابق مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران جا رہے ہیں اور امریکا ایران مذاکراتی عمل میں پاکستان اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ امریکا کی پہلی ترجیح ہے اور اب فیصلہ ایران کو کرنا ہے کہ وہ معاہدے کی طرف بڑھتا ہے یا نہیں۔ مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد معاہدہ طے پا جائے گا اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
‎امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت معاہدے پر کام کر رہا ہے تاہم واشنگٹن کے پاس متبادل حکمت عملی یعنی “پلان بی” بھی موجود ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ ایران کو آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس نظام نافذ کرنے سے روکنے کے لیے عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
‎مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا اور یورینیم افزودگی سمیت آبنائے ہرمز کے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
‎سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کا امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ ثالثی کردار خطے میں اس کی سفارتی اہمیت کو مزید بڑھا سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ شدید کشیدگی کا شکار ہے۔

More posts