Baaghi TV

پاکستان ثالثی کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ایرانی وزیرخارجہ

america

ماسکو: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، اور موجودہ سفارتی عمل میں اسلام آباد کی شمولیت نہایت اہمیت اختیار کر چکی ہے۔

ماسکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ حالیہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت ضرور ہوئی، تاہم امریکی مؤقف اور سخت شرائط کے باعث گزشتہ دور کے طے شدہ اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کے حد سے زیادہ مطالبات اور نامناسب طرزِ عمل نے مذاکراتی عمل کو متاثر کیا۔ایرانی وزیرِ خارجہ کے مطابق موجودہ صورتحال میں پاکستانی قیادت اور سفارتی حکام کے ساتھ قریبی مشاورت ضروری تھی تاکہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کا درست جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ کے لائحہ عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روسی حکام کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں جاری ہیں، جن میں علاقائی سیکیورٹی، جاری تنازعات اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ عباس عراقچی کے مطابق یہ ملاقاتیں ایران کے لیے اپنے مؤقف کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سطح پر ہم آہنگی پیدا کرنے کا ایک اہم موقع ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کا بطور ثالث کردار خطے میں سفارتی توازن برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ایران اور امریکا کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

More posts