صومالیہ کے وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں پاک فوج کی اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ مختلف ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صومالی وزیر دفاع نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علاقائی بحری سلامتی، بحری تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران صومالی وزیر دفاع نے خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا، جبکہ دونوں فریقین نے بحری شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صومالی وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی شراکت داری اور فضائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک فضائیہ نے صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون، تربیتی روابط اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں ممالک نے دفاعی تعلقات کو نئی جہت دینے اور باہمی تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا۔
صومالی وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید آپریشنل استعداد اور دفاعی میدان میں حاصل کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تجربات سے استفادہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
دورے کو پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون، عسکری روابط اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
صومالی وزیر دفاع کی پاکستانی عسکری قیادت سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
