پاکستان نے 37ویں جاپان جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کرلیے۔
چیمپئن شپ میں شریک دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کی۔ یحییٰ خان نے انڈر 17 کیٹیگری کا ٹائٹل جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ ابوبکر نے انڈر 11 کیٹیگری میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی اس کامیابی کو ملک میں اسکواش کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اہم ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور سے تعلق رکھنے والی سماعت سے محروم پاکستانی اسکواش کھلاڑی ثنا بہادر نے بھی آسٹریلیا میں اسکواش ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کیا تھا۔ ثنا بہادر اس سے قبل میلبورن میں منعقدہ چیلنجر بینڈیگو اوپن اسکواش ٹائٹل بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
