Baaghi TV

پیٹرول پمپس ڈیلرز کی حکومت کو 72 گھنٹے کی مہلت، کاروبار بند کرنے کا عندیہ

اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دے دی، بصورت دیگر پیٹرول پمپس کا کاروبار جاری رکھنا ممکن نہ ہونے کا عندیہ دے دیا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل کرنے کا طریقہ کار کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت کو مجوزہ نظام پر نظرثانی کرنا ہو گی، پیٹرول پر ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے جبکہ آئل کمپنیوں کی جانب سے عائد مخصوص کوٹے بھی ختم کیے جائیں،ڈیلرز کا صبر جواب دے چکا ہے، ایسوسی ایشن حکومتی حکام سے رابطے میں ہے تاہم ابھی تک کسی حتمی فیصلے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے پیٹرول پمپ ڈیلرز نے شرکت کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت نے 72 گھنٹوں کے اندر مطالبات تسلیم نہ کیے تو پیٹرول پمپس پر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا،ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے مجوزہ طریقہ کار پر پمپ مالکان اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پہلے ہی تحفظات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔

More posts