اسلام آباد: سانحہ پمز پر جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے وزیراعظم کو پیش کی جانے والی رپورٹ اور اس معاملے پر اب تک کی جانے والی کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے وکیل قاسم اقبال جلالی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے وفاق کو کیس سے متعلق تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ، ڈپٹی اٹارنی جنرل فیصل عرفان اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت نے متعلقہ حکام سے سانحہ پمز کے حوالے سے وزیراعظم کو پیش کی جانے والی رپورٹ اور اب تک کی گئی کارروائی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے وفاق کو آئندہ سماعت پر جامع جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
درخواست میں سانحہ پمز کی وجوہات، ذمہ داران کے تعین اور واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے کے بعد معاملے کی مزید پیش رفت آئندہ سماعت میں سامنے آنے کا امکان ہے۔
