کوئٹہ: نئے سال کے موقع پر بلوچستان میں خواتین اور طالبات کے لیے خصوصی پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں خواتین کی روزمرہ آمد و رفت کو محفوظ، باوقار اور سہل بنانا ہے۔ پنک بس سروس کا افتتاح صوبائی حکومت کی جانب سے خواتین دوست اصلاحات کے سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ پنک بس سروس کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سروس بڑے شہری علاقوں میں شروع کی گئی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں پنک بس سروس کا دائرہ دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنک بس سروس خواتین کو تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک آسان اور محفوظ رسائی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ نظام صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے۔ پنک بس سروس خواتین کے اعتماد میں اضافے، معاشی سرگرمیوں میں شمولیت اور تعلیمی مواقع کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
صوبائی حکومت کے مطابق پنک بس سروس میں خواتین ڈرائیورز اور کنڈکٹرز کی تعیناتی، سکیورٹی انتظامات اور مناسب کرایہ نظام کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ خواتین اور طالبات بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔ عوامی حلقوں اور خواتین تنظیموں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ سروس بلوچستان میں خواتین کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
