وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کی بیٹی اور فخر قرار دیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نرس رضیہ نورین کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں 23 مارچ کو تمغۂ خدمت سے بھی نوازا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ رضیہ نورین نے جس جرات اور ہمت کا مظاہرہ کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر نومولود کی زندگی بچائی اور ایک عظیم کارنامہ انجام دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس ماں کے بچے کی جان نرس رضیہ نے بچائی، وہ ماں پوری زندگی انہیں دعائیں دیتی رہے گی۔ وزیراعظم نے نرس کی بہادری اور فرض شناسی کو قوم کے لیے قابل فخر مثال قرار دیا۔
اس موقع پر نرس رضیہ نورین نے پمز آتشزدگی کے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کا میڈیکیشن کا وقت تھا جب انہوں نے آگ دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بھی سوچے بغیر وہ آگ کے اندر چلی گئیں اور دوسری سسٹر سے کہا کہ بچوں کو بچائیں۔
رضیہ نورین نے بتایا کہ وہ ایک نومولود بچے کو ریسکیو کرکے باہر لائیں اور اسے اپنے ایک جاننے والے شخص کے حوالے کیا، جس کے بعد وہ دیگر بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر واپس چلی گئیں۔
نرس کے مطابق اسی دوران اچانک ایک دھماکہ ہوا اور اس کے بعد ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔
