وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں قصر الصفا پہنچ گئے، جہاں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم دوطرفہ ملاقات کا آغاز ہوا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، دفاعی شراکت داری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جبکہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارتی روابط، سیکیورٹی تعاون، مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب مختلف شعبوں میں اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سرگرم ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات
