Baaghi TV

بجٹ اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت، بلاول بھٹو کا شکریہ ادا

قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی آمد پر اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، تاہم اس دوران وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مصافحہ بھی کیا، جسے حکومتی اتحاد میں ہم آہنگی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دیا اور قومی مفاد میں مثبت کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کا ذکر کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہے اور اس واقعے نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا۔
‎شہباز شریف نے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں قوم نے سخت حالات کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے غیر معمولی حوصلے اور استقامت کا ثبوت دیا ہے۔
‎وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو متعدد چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم اس کے باوجود معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری آ رہی ہے اور حکومت اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کا مقصد عوامی ریلیف، اقتصادی ترقی اور مالی نظم و ضبط کے درمیان توازن قائم کرنا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ روزگار، سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں۔قومی اسمبلی میں بجٹ کا اجلاس جاری ہے

More posts