وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی-
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ’ٹو سیشنز‘ کی کامیاب تکمیل پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی خوشیوں پر شکریہ ادا کیا وزیراعظم نے چین کی مستحکم اقتصادی حمایت کو سراہا اور زراعت، صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں کے ساتھ سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کو سراہا اور چین کی تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کا اعادہ کیا، فریقین نے جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے اعادہ پر زور دیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
