Baaghi TV

معرکہ حق، مرکزی مسلم لیگ کا عشرہ فتح کا اعلان، ملک گیر تقریبات کا شیڈول جاری

pmml

مرکزی مسلم لیگ نے معرکہ حق، بنیان مرصوص کا ایک برس مکمل ہونے پر عشرہ فتح کا دس روزہ شیڈول جاری کر دیا، مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی قائدین کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں فتح کے جشن مناتی ہیں، گزشتہ برس مئی میں دشمن کے حملے کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر رہا،زمین ،فضاؤں میں پاکستان کی مسلح افواج کا راج تھا، دس مئی تک ملک گیر تقریبات ہوں گی، جمعہ کو قوم شہدا کے ورثا سے ملاقاتیں کر کے یہ پیغام دے کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت پاکستان قائم و دائم ہے،دفاع وطن کے لئے پاکستانی قوم کل بھی بنیان مرصوص تھی، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی،

ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری،مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، سیکرٹری جنرل چوہدری حمید الحسن گجر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ معرکہ حق بنیان مرصوص،فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر عشرہ فتح پورے ملک میں منا رہی ہے، کل یکم مئی کو یوم مزدور کے ساتھ ساتھ علماء کرام نے خطبات جمعہ میں بنیان مرصوص کو موضوع بنایا،ہفتہ ،اتوار کو ملک بھر میں اے پی سیز اضلاع،تحصیلوں کی سطح پر ہوں‌گی، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں‌کو دعوت دے رہے ہیں، منگل، بدھ کو مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ جات طلبا ، وکلا ،یوتھ،اساتذہ کے پروگرام ملک بھر میں ہوں گے،تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پروگرام ہوں گے، جمعرات کو خواتین کے ملک بھر میں بنیان مرصوص کے حوالہ سے تقریبات ہوں گی،جمعہ کو خطبات جمعہ میں علماء کرام پاکستان کے دفاع ، بنیان مرصوص، فتح مبین کے حوالہ سے خطاب کریں گے، جمعہ کو ہی ملک کے لئے قربانیاں دینے والے عظیم شہدا کے گھروں میں مرکزی مسلم لیگ کے رہنما، کارکنان حاضری دیں گے،مہم کے آخری چار دن ملک بھر میں فلوٹس اور گاڑیاں چلائی جائیں گی جن میں پاکستان کی عظیم فتح کو قوم کے سامنے رکھا جائے گا،سوشل میڈیا پر بھی معرکہ حق،بنیان مرصوص بارے بھر پور مہم چلائی جائے گی، یونین کونسل سطح پر ملک بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے، 9 اور 10 مئی کو بھرپور ریلیاں نکالی جائیں گی، غباروں کو فلیکسز اور بینر لگا کر فضا میں چھوڑا جائے گا،مشعل بردار ریلیز کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان پرامن ملک ہے جارحیت نہیں کرتا لیکن اگر کوئی آنکھ اٹھا کر دیکھے تو آنکھ نہیں رہنے دیتے، ہم ملک کا دفاع کرنا چاہتے ہیں،مرکزی مسلم لیگ مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے، مرکزی مسلم لیگ علاقائی ،لسانی تقسیم سے قوم کو باہر نکالنا چاہتی ہے،

مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ اللہ نے گزشتہ سال پاکستان کو ناقابل تسخیر دفاع کی نعمت عطا کی، ایک سال پورا ہونے پر پوری قوم اللہ کا شکر ادا کرتی ہے، پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے، یہ فتح کسی سیاسی پارٹی کی نہیں بلکہ قوم کی فتح ہے، 25 کروڑ عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جذبے کے ساتھ فتح مبین منائیں، پروگراموں،تقریبات میں شریک ہوں، ہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے دفاع میں شہادتیں دیں، شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مرکزی مسلم لیگ یہ اظہار کرتی ہے کہ دفاع وطن کے لئے ہم متحد بھی ہیں، متفق بھی ہیں اور وطن کا دفاع بھی کریں گے، اسکے نظریئے کا تحفظ بھی کریں گے، دفاع پاکستان کے لئے آخری سانس تک سب کچھ قربان کریں گے،یہ تجدید عہد کے دن ہیں، قوم میں جذبے پیدا کرنے کے دن ہیں ،عشرہ فتح میں میڈیا بھی بھرپورکردار ادا کرے،

مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ماہ مئی میں میڈیا کا کردار بہت بہترین تھا، میڈیا نے حب الوطنی کا حق ادا کیا،دشمن کی طرف سے جھوٹ پھیلایا گیا لیکن پاکستانی میڈیا، صحافیوں ، اینکرز، نیوزکاسٹر نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جس پر ہم شکریہ ادا کرتے ہیں، میڈیا کے مثبت کردار کی وجہ سے قوم متحد رہی، ماضی میں جس طرح میڈیا نے کردار ادا کیا اسی انداز میں بھی اب عشرہ فتح میں کردار ادا کریں گے، قوم میں اتحاد و اتفاق کی فضا بنانے کی کوشش کریں گے،

مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل چوہدری حمیدالحسن گجر کا کہنا تھا کہ لاہور زندہ دلان کا شہر، پاکستان کا دل ہے، لاہور میں فتح کے جشن کو پوری شان و شوکت، جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا دنیا دیکھے گی کہ پاکستان فاتح ملک ہے، ہم نے مختلف پروگرام ترتیب دیئے ہیں، وکلا، تاجر ،طلبا،خواتین کے پروگرام ہوں‌گے، 9 اور 10 مئی کو بہت بڑا فتح کا کارواں ہو گا، اس رات پورا لاہور جاگے گا اور پیغام دے گا کہ لاہور ملک کے دفاع کے لئے اپنی افواج کے ساتھ ہے،ملی رکشہ یونین کی بھی ریلی ہو گی.

More posts