پنجاب بھر میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائیاں تیز ہو گئیں، جہاں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے رواں ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستہ دہشت گرد عبداللطیف کو بھی دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی بم اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں، جو ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد صوبے کے مختلف حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔گرفتار ملزمان میں مصباح، سمیع اللّٰہ، گلاب خان ریمان، طور خان، زارین شاہ، ضیاء الرحمٰن، عظیم اللّٰہ اور عبدالصمد سمیت دیگر شامل ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ صوبے بھر میں سرچ آپریشنز کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔
