Baaghi TV

راجن پور: فاضل پور میں پولیس کا کامیاب آپریشن، 4 مغوی بازیاب، 5 ملزمان گرفتار

crime

راجن پور کے علاقے فاضل پور میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغواء کیے گئے 4 افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عمران کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں ایک خاتون، دو بچے اور ایک 12 سالہ لڑکی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو تقریباً 10 روز قبل ان کے گھر کے باہر سے مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا،پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی دشمنی اور انتقامی کارروائی کا شاخسانہ ہے۔ مزید انکشاف ہوا کہ لاپتہ ہونے والی لڑکی کے قریبی رشتہ دار ہی اس واقعے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ لڑکی نے اپنے پڑوس میں رہنے والے ایک نوجوان سے کراچی میں پسند کی شادی کر لی تھی، جس پر اہلِ خانہ کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔

ڈی پی او محمد عمران کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی کی جانب سے نکاح نامہ اور بیان پولیس کو موصول ہو چکا ہے، جس میں اس نے اپنی مرضی سے شادی کرنے کی تصدیق کی ہے۔پولیس نے تھانہ فاضل پور میں درج مقدمات کی بنیاد پر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔

More posts