دبئی مرینا میں واقع الحبتور گرینڈ کے قریب زیرِ تعمیر عمارت میں بدھ کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث صبح تقریباً ساڑھے سات بجے دھواں دور دور تک دیکھا گیا،
خلیجی میڈیا کے مطابق دبئی سول ڈیفنس کے آپریشن روم کو بدھ 6 مئی 2026ء کو صبح 7 بج کر 6 منٹ پر واقعے کی اطلاع موصول ہوئی، اطلاع ملتے ہی المرسا فائر اسٹیشن کی ٹیم کو فوری طور پر روانہ کیا گیا، جو صرف سات منٹ میں یعنی 7 بج کر 13 منٹ پر موقع پر پہنچ گئی،سول ڈیفنس حکام نے بتایا ہے کہ آگ درمیانے درجے کی تھی اور زیرِ تعمیر عمارت کے اندر لگی، صبح 8 بج کر 51 منٹ پر فیلڈ کمانڈرز نے تصدیق کی کہ صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ آپریشن جاری ہے، واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی
عینی شاہدین کے مطابق آگ کے باعث دبئی مرینا کے اطراف میں گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گئیں۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔
