تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، آل پارٹیز کانفرنس اور پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی.تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس، 27 ستمبر کی کال، رول آف لا اور آئین کی بالادستی سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تحریک انصاف کا وفد جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں بیرسٹر گوہر کی قیادت میں وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی وفد میں سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور فردوس شمیم نقوی شامل تھے، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا اسعد محمود بھی ملاقات میں موجود تھے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر 27 ستمبر کی کال، رول آف لا اور آئین کی بالادستی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران ملک میں آئینی اور جمہوری نظام کے استحکام سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
