وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آئیں ماضی کی غلطیاں درست کریں، ماضی سے سبق سیکھ کر 2 پارٹیوں نے میثاق جمہوریت کیا، پی ٹی آئی والے بھی اپنے ماضی پر نظر دوڑائیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کا تقدس یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے، نوے کی دہائی کی سیاست سب کے سامنے ہے، آئیں ماضی کی غلطیاں درست کریں، میثاق جمہوریت کریں۔ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کی کرسی پر بیٹھ کر پارٹی کے حق میں فیصلے دئیے گئے، ماضی سے سبق سیکھ کر 2 پارٹیوں نے میثاق جمہوریت کیا، پی ٹی آئی والے بھی اپنے ماضی پر نظر دوڑائیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارلیمانی نظام کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی نے سیاست میں تہذیب ختم کردی، محمود اچکزئی پی ٹی آئی میں بیٹھے ہوئے عجیب لگتے ہیں، محمود اچکزئی کی کچھ روایات ہیں، پی ٹی آئی کی کوئی روایت نہیں،یہ ایوان گواہ ہے کہ انہوں نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے کیا کچھ نہیں کیا،مراد سعید ان میزوں پر دوڑتے تھے،زیراعظم شہباز شریف اور وزیرخزانہ اپوزیشن کے پاس گئے وہاں کھڑے ہوکر ان سے بات کی، لیکن جب عمران خان وزیراعظم تھے تو ان کے رہنما ہم سے بات بھی نہیں کرتے تھے کہ کہیں عمران خان ناراض نہ ہوجائیں کہ یہ اپوزیشن سے بات کررہے ہیں۔ ہمارے پارلیمانی نظام اور سیاست کو جتنا عمران خان نے نقصان پہنچایا اتنا پچھلے 78 سال میں کسی شخص نے نہیں پہنچایا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ افغان سرزمین بھارت کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی آرہی ہے جو کہ پاکستان کے لیے ناقابل برداشت عمل ہے ۔
