Baaghi TV

اسلام آباد،بازار میں لگنے والی ہولناک آگ نے سینکڑوں خاندانوں کی روزی چھین لی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں لگنے والی ہولناک آگ نے سینکڑوں خاندانوں کی روزی روٹی چھین لی۔

سی ڈی اے کے زیرِ انتظام ملک کے سب سے بڑے ہفتہ وار بازار میں گزشتہ پانچ برس کے دوران یہ چوتھا بڑا آتشزدگی کا واقعہ ہے، جس نے حفاظتی انتظامات اور انتظامی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ گزشتہ رات تقریباً 9 بج کر 50 منٹ پر بھڑکی اور صرف چند منٹوں میں بڑے پیمانے پر پھیل گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ قرار دی گئی ہے، جبکہ دکانوں میں موجود بیٹریوں کے پھٹنے سے شعلوں کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں 300 سے 335 کے درمیان دکانیں اور اسٹالز متاثر ہوئے، جبکہ تاجروں کو مجموعی طور پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ متاثرہ اسٹال ہولڈرز کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی اور روزگار کا واحد ذریعہ چند گھنٹوں میں جل کر خاکستر ہوگیا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے وقت ایک فائر بریگیڈ گاڑی موقع پر موجود تھی، تاہم بازار بند ہونے سے قبل اسے گیٹ کے باہر منتقل کر دیا گیا تھا اور بازار کو تالے لگا دیے گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ کی شدت کے مقابلے میں ایک فائر بریگیڈ گاڑی ناکافی ثابت ہوئی، جس کے باعث شعلے تیزی سے پھیلتے چلے گئے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ متعدد اسٹالز کو کپڑے، ترپالوں اور ٹینٹوں سے ڈھانپا گیا تھا، جس کی وجہ سے آگ ایک اسٹال سے دوسرے اسٹال تک منتقل ہوتی رہی۔ مزید برآں، اسٹال ہولڈرز کی جانب سے فائر سیفٹی کے معیاری ضوابط (ایس او پیز) کی خلاف ورزی بھی رپورٹ کا حصہ بنی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اتوار بازار میں فائر ہائیڈرنٹ یا ہنگامی پانی کے ذخیرے کی عدم موجودگی کے باعث امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔

دریں اثنا، اسلام آباد انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور نقصانات کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کرکے ذمہ داروں کے تعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔متاثرہ تاجروں نے حکومت اور سی ڈی اے سے فوری مالی امداد اور متبادل کاروباری سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات کے باوجود مؤثر حفاظتی اقدامات نہ کرنا انتظامیہ کی سنگین ناکامی ہے۔

More posts