لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے باوجود شہر میں حبس اور گرمی کی شدت برقرار ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے واسا اور متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔
واسا کے مطابق گلشن راوی میں 43.4 ملی میٹر، سمن آباد میں 43.2 ملی میٹر جبکہ اقبال ٹاؤن میں 16.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے نکاسی آب کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ واسا حکام نے تمام مرکزی شاہراہوں، اہم چوراہوں اور انڈر پاسز کو ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا اور کلیئر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈی جی واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو فوری طور پر متحرک رہنے اور بارش کے دوران و بعد میں نکاسی آب کے کام کی مسلسل نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ ہونے پائے۔
ایم ڈی واسا نے ہدایت کی ہے کہ جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو، وہاں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے چلایا جائے تاکہ پانی کی نکاسی کا عمل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔دوسری جانب وائس چیئرمین واسا نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے پمپس کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور اسکرینوں کی بروقت صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
