Baaghi TV

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی

Weather

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، ملتان سمیت متعدد شہروں میں بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمور، سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔ کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں تیز اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ژوب، زیارت، سبی، خضدار، قلعہ سیف اللہ اور دیگر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آندھی، تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

More posts