Baaghi TV

‎آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے: رانا ثنا اللہ

‎مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
‎حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ دے چکے ہیں اور مسلم لیگ ن کو واضح مینڈیٹ حاصل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ہونے والے انتخابی مراحل میں مسلم لیگ ن 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 23 نشستیں ہی درکار تھیں۔
‎انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوئے، جن کی مثال ماضی میں کم ہی ملتی ہے۔ ان کے مطابق عوام نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن اور وعدوں پر اعتماد کیا ہے، اس لیے حکومت کی اولین ترجیح ان وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہوگی۔
‎رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں برسراقتدار آئیں، ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی آزاد کشمیر میں عوامی فلاح، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی ماڈل کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی جدید منصوبوں پر کام کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور انتخابی منشور میں شامل ہر وعدے کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق نئی حکومت کی توجہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور خطے کی مجموعی ترقی پر مرکوز ہوگی۔
‎اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے بھی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام پاکستان کا فخر ہیں، جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

More posts