Baaghi TV

بحیثیت قوم قائداعظم کے رہنما اصولوں پر کاربند رہنے کا تجدید عہد کریں۔وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم عظیم رہبر کی بصیرت افروز قیادت اور باشعور سیاسی حکمت عملی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ قائداعظم نے تاریخ کا دھارا موڑ کر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کی راہ ہموار کی اور مذہبی، تہذیبی و نظریاتی شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کا عزم اور حوصلہ دیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے نوزائیدہ مملکت کو درپیش کٹھن انتظامی اور مالیاتی مسائل کو مدبرانہ انداز میں سنبھالا۔ انہوں نے لاکھوں افراد کی نقل مکانی، نظام حکومت چلانے سمیت تمام بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود پوری قوم کی مشترکہ اور اجتماعی کاوشوں سے ممکن ہے۔ آج کا دن اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم بحیثیت قوم قائداعظم کے رہنما اصولوں پر کاربند رہنے کا تجدید عہد کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے غیرمتزلزل وابستگی پاکستان کے تابناک مستقبل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آج پوری قوم بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بلندیِ درجات کے لیے دعاگو ہے۔

More posts