Baaghi TV


چین میں شدید بارشوں سے ڈیم ٹوٹ گیا، نشیبی علاقوں میں سیلاب

‎چین کے جنوبی خودمختار علاقے گوانگ شی ژوانگ میں شدید بارشوں کے باعث ایک درمیانے درجے کے آبی ذخیرے کا بند ٹوٹ جانے سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے بعد مقامی حکومت نے ہنگامی امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
‎چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق پیر کی صبح ناننگ شہر کے ماتحت ہینگ ژو میں واقع لیولان ریزروائر کا بند شدید بارشوں کے دباؤ کے باعث ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا۔
‎صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے صبح 11 بج کر 30 منٹ پر سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہنگامی ردعمل کی سطح لیول تھری سے بڑھا کر لیول ون کر دی، جو سب سے اعلیٰ درجے کا الرٹ ہے۔
‎حکام کے مطابق ڈیم ٹوٹنے کے فوری بعد محکمہ ایمرجنسی مینجمنٹ، فائر اینڈ ریسکیو سروس اور آبی وسائل کے محکمے کو متحرک کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ خطرے سے دوچار علاقوں سے شہریوں کا انخلا بھی جاری ہے۔
‎انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ حکام مسلسل پانی کی سطح اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ برقرار رکھا گیا ہے۔
‎ابھی تک کسی جانی نقصان کی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

More posts