Baaghi TV


پاکستان میں پہلی بار جدید CAR T سیل تھراپی سے بلڈ کینسر کا کامیاب علاج

‎راولپنڈی میں قائم آرمڈ فورسز بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر (AFBMTC) نے پاکستان کی طبی تاریخ میں پہلی بار جدید CAR T-Cell Therapy کے ذریعے بلڈ کینسر کا کامیاب علاج کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
‎اس جدید علاج کے تحت 21 سالہ نوجوان مریض، جو خون کے ایک خطرناک سرطان میں مبتلا تھا، کو 18 جون 2026 کو پاکستان میں ہی تیار کیے گئے خصوصی مدافعتی خلیات (CAR T Cells) دیے گئے۔ علاج کے بعد صرف 14 دن میں مریض کے جسم سے کینسر کے آثار ختم ہو گئے، جبکہ اسے 3 جولائی کو مکمل صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
‎یہ کامیابی آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹروں، سائنس دانوں اور ماہرین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے پہلی مرتبہ اس پیچیدہ اور جدید علاج کو مقامی سطح پر کامیابی سے انجام دیا۔
‎ماہرین کے مطابق CAR T-Cell Therapy کینسر کے علاج کی جدید ترین تکنیکوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں مریض کے اپنے مدافعتی خلیات کو لیبارٹری میں تبدیل کر کے دوبارہ جسم میں داخل کیا جاتا ہے تاکہ وہ کینسر کے خلیات کو مؤثر انداز میں ختم کر سکیں۔ یہ طریقہ علاج خاص طور پر ایسے مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن سمجھا جاتا ہے جن پر روایتی علاج، جیسے کیموتھراپی یا بون میرو ٹرانسپلانٹ، مؤثر ثابت نہ ہوں۔
‎طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تاریخی کامیابی سے پاکستان میں کینسر کے جدید علاج کے شعبے میں نئی راہیں کھلیں گی اور مستقبل میں مزید مریضوں کو بیرون ملک جانے کے بجائے ملک کے اندر ہی عالمی معیار کی سہولت میسر آ سکے گی۔

More posts