Baaghi TV

ریوینیو کیسز کے بروقت فیصلے،ٹیکس اہداف اور سائلین کو ریلیف

قصور
ریونیو کیسز کے بروقت فیصلے، ٹیکس اہداف کا حصول اور سائلین کو فوری ریلیف اولین ترجیح ہے: غلام مصطفیٰ خان

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو قصور غلام مصطفیٰ خان نے کہا ہے کہ ریونیو کیسز کے بروقت فیصلے، زرعی ٹیکسوں کے اہداف کا حصول، سائلین کی فوری داد رسی اور ریونیو نظام میں شفافیت کا فروغ ان کی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام ریونیو معاملات قانون کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں اور کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔سینئر صحافی مہر سلطان، ہاشم بھٹی اور چوہدری سلیم سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ خان نے بتایا کہ ان کی عدالت میں اب تک 90 سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے جا چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں قبضہ اور دخل سے متعلق کیسز بھی نمٹائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی نوعیت کے مقدمات میں بلاجواز حکمِ امتناعی جاری کرنا پالیسی کا حصہ نہیں، کیونکہ غیر ضروری اسٹے آرڈر مقدمات کو طول دینے کے ساتھ سائلین کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی تیزی سے جاری ڈیجیٹلائزیشن کے پیش نظر گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ (GPC)، انتقالات، ونڈا جات اور وراثتی مقدمات کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ افسران اور عملے کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اے ڈی سی ریونیو نے کہا کہ زرعی ٹیکسوں کی وصولی میں چھوٹے اور بڑے زمینداروں کے درمیان کسی قسم کا امتیاز نہیں برتا جا رہا۔ تمام کاشت کاروں اور زمینداروں کو سرکاری محصولات بروقت ادا کرنے چاہئیں تاکہ ٹیکس اہداف حاصل کیے جا سکیں۔غلام مصطفیٰ خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کی عدالت میں سفارش یا دباؤ کی کوئی گنجائش نہیں، قانون کی حکمرانی ہوگی۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہر حقدار کو اس کا حق دیا جائے گا۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت سائلین کی شکایات براہِ راست سنی جا رہی ہیں تاکہ انہیں فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے ریونیو عملے کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی شہری کو ناجائز طور پر ہراساں نہ کیا جائے اور سرکاری ریکارڈ میں کسی قسم کی ردوبدل یا بے ضابطگی سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ کسی ملازم کے خلاف شکایت تحقیقات کے بعد درست ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریونیو نظام میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مقدمات کے بروقت فیصلوں اور ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں، جن کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات اور فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔

More posts